حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ایام فاطمیہ اور مقتدر عالم دین حجتہ الاسلام والمسلمین آقا سید محمد حسین الموسوی الصفوی کی برسی کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جن میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں عزاداروں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمنِ شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آقا سید حسن الموسوی الصفوی نے صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمۃ الزہرا ؑکی سیرت و کردار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی کی اور بنت رسول کی شہادت سے متعلق واقعات اور المیات پر تفضیلی گفتگو کی۔
حجت الاسلام سید حسن صفوی نے کہا کہ خاتون جنت حضرت فاطمہؑ کی عظمت کی بنیاد صرف یہ نہیں کہ وہ خاتم الانبیاء صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی صاحب زادی تھیں اور نہ یہ کہ آپ علیؑ کی زوجہ اور حسنینؑ جیسے سردارانِ جوانان جنت کی مادر گرامی تھیں، بلکہ فاطمۃ الزہرا ؑکا وجود مبارک بذات خود نور ہدایت و رحمت اور ازلی عظمت کا پیکر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ فاطمہ ؑنے اپنے پدر بزرگوار کےلئے ایک رفیق بیٹی ہونے کے ساتھ ساتھ شفیق مادر کا کردار ادا کیا۔
اس موقع پر مقتدر عالم دین حجتہ الاسلام آقا سید محمد حسین الموسوی الصفوی ؒکو ان کی برسی پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
حجت الاسلام سید حسن صفوی نے مرحوم کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجمنِ شرعی مرحوم کی مرحون منت ہے۔ مرحوم نے ایک پر آشوب دور میں تنظیم کو متحد اور منظم رکھنے کے لئے بنیادی کردار ادا کیا اور اپنی انقلاب آفرین فکر و عمل کے حوالے سے مرحوم ہمیشہ یاد رہیں گے۔